ایران کی ٹریفک پولیس نے یزد کے دہشیر روڈ پر پاکستانی زائرین کی بس کے حادثے کی وجہ فنی خرابی بتائی ہے۔
تہران سے ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی ٹریفک پولیس کے ایک اعلی افسر سید تیمور حسینی نے بدھ کو بتایا ہے کہ پاکستانی زائرین کو لے جانے والی ایک بس یزد کے دہشیر روڈ پر ہولناک حادثے کا شکار ہوگئی۔
انھوں نے بتایا کہ بریک سسٹم فیل ہوجانے کی وجہ سے یہ بس ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر اور حادثے کا شکار ہوگئی۔
ٹریفک پولیس کے اعلی افسر سید تیمور حسینی نے بتایا کہ یہ حادثہ منگل 20 اگست کی رات نو بجکر اڑتالیس منٹ پر ہوا اور افسوس کہ اس دلخراش حادثے میں 28 مسافر جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔
ارنا کے مطابق حادثے کے فورا بعد امدادی دستے جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور انھوں نے ریسکیو آپریشن شروع کردیا اور زخمیوں کو نزدیک ترین اسپتال پہنچادیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اس حوالہ سے انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے.
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سندھ حکومت کو حادثہ متاثرین کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کی ہدایات جاری کی ہیں.متاثرین کا تعلق لاڑکانہ سے ہے انکے لواحقین کو بھرپور حکومتی تعاون فراہم کیا جائے گا .