سفیر پاکستان مسعود خان کی امریکہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی معروف تنظیم “اپنا” کے نئے صدر کو مبارکباد ۔

واشنگٹن ڈی سی، میں آپ کو ایسو سی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (اے پی پی این اے) کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اس باوقار عہدے کے لیے آپ کا انتخاب آپ کی برسوں پر محیط پیشہ ورانہ کامیابیوں کا اعتراف ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں “اپنا” ترقی کی منازل طے کرتی رہے گی۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے یہ باتیں امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی معروف تنظیم “اپنا” کے نئے صدر ڈاکٹر آصف محی الدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہیں۔ “اپنا” بیرونی دنیا میں مقیم پاکستانیوں کی سب سے بڑی تنظیم ہے ۔
سفیر پاکستان نے “اپنا” کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی جانب سے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی خدمت، پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال ، دنیا بھر میں فلاحی اور خیراتی اقدامات اور صحت کے شعبے سے متعلقہ افراد کے درمیان روابط کو فروغ جیسے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ا ن مثبت اثرات کے منتظر ہیں جو بلاشبہ آپ کی صدارت میں سامنے آئیں گے۔ آپ کی اپنے پیشے اور تنظیم کے مشن سے وابستگی پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کو متاثر کرتی ہے۔ آپ کی ان نئی ذمہ داریوں میں آپ کو ہمارا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں