لاہور – ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری املاک خرد برد کرنے کے الزام میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے دو ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد شہباز اور محمد منیب طاہر کے نام سے ہوئی ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم محمد شہباز کوٹ لکھپت لاہور کے گریڈ اسٹیشن میں بطور اسسٹنٹ سب اسٹیشن اٹینڈنٹ تعینات تھا، جبکہ محمد منیب طاہر حمزہ ٹاؤن سب ڈویژن میں لائن سپرنٹنڈنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا تھا۔
دونوں ملزمان نے مبینہ طور پر 132 کے وی اے گریڈ اسٹیشن کچا جیل روڈ لاہور سے استعمال شدہ 90,000 کلوگرام کنڈکٹرز خوردبرد کیے، جس سے قومی خزانے کو ایک کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔
ایف آئی اے نے دونوں کو لاہور سے گرفتار کر کے ان کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون کا کہنا ہے کہ کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف ادارہ “زیرو ٹالرنس پالیسی” پر عمل پیرا ہے، اور گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔