ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدل خان کا عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری دورہ – پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار

بیجنگ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پاکستان، سیدل خان، ان دنوں ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس اہم دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور چین کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا، پارلیمانی تعاون کو فروغ دینا اور باہمی اشتراک کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔

دورے کے دوران، ڈپٹی چیئرمین سیدل خان نے ایک معروف چینی ٹیلی وژن چینل کو خصوصی انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات کی اہمیت اور دونوں ممالک کے مابین موجود گہرے اعتماد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین “آہنی بھائی” ہیں، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان اور چین نے وقت کے ہر امتحان میں ایک دوسرے سے وفاداری اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، اور دونوں اقوام کے عوام اور قیادت کے درمیان اخوت، احترام اور باہمی تعاون کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں پارلیمانی، سفارتی اور عوامی سطح کے تبادلہ جات کو نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے قدرتی آفات، جیسے زلزلوں اور سیلابوں، اور بھارت کے ساتھ کشیدگی کے مواقع پر چین کی بے لوث امداد پر گہری تشکر کا اظہار کیا۔

ڈپٹی چیئرمین سیدل خان نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چین کے کلیدی کردار، بالخصوص چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے ذریعے حاصل ہونے والے ثمرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان اور چین کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دے گا بلکہ وسطی ایشیا سمیت پورے خطے میں ترقی کا نیا باب کھولے گا۔

آخر میں انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور یہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں