راولپنڈی بار ہال میں یومِ تشکر: لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم کا “آپریشن بنیان المرصوص” پر پاک فوج کو خراجِ تحسین

راولپنڈی ڈسٹرکٹ و ڈویژن کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ بار ہال میں یومِ تشکر کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی سابق چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم ہلالِ امتیاز (ملٹری) تھے۔

تقریب میں مسلم لیگ ن لائرز فورم پنجاب، راولپنڈی ڈویژن، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، اراکینِ قومی اسمبلی اور وکلا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔

خطاب کرتے ہوئے جنرل عبد القیوم نے کہا کہ پاکستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے مگر قوم کو اپنی بہادر افواج اور قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے “آپریشن بنیان المرصوص” میں دشمن کے عزائم ناکام بنانے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے قومی وقار کی علامت قرار دیا۔

انہوں نے وکلا پر زور دیا کہ وہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحد پر دفاع کے ساتھ ساتھ عدالتوں، پارلیمان، میڈیا اور عوامی صفوں میں بھی دفاع ناگزیر ہے۔

مسلم لیگ ن لائرز فورم پنجاب کے صدر رانا ظفر اقبال نے وکلا کو جمہوریت کا نگہبان قرار دیا جبکہ راولپنڈی ڈویژن کے صدر رزاق اے مرزا نے کہا کہ وکلا برادری مسلم لیگ ن کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ ڈسٹرکٹ بار کے صدر اسرار الحق ملک نے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں یومِ تشکر کو قومی اتحاد کی مثال قرار دیا۔

دیگر مقررین، بشمول ڈپٹی جنرل سیکرٹری راجہ خرم شہزاد، نائب صدر خالد گھمن اور اراکینِ قومی اسمبلی ہما چغتائی و مہ جبین عباسی نے بھی حکومت اور افواجِ پاکستان کی خدمات کو سراہا اور نوجوان وکلا پر قومی استحکام میں کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

تقریب کا اختتام وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں