12ربیع الاول 1446 ھ کے موقع پر صدر مملکت کا قوم کے نام پیغام

عید میلاد النبی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم کو 12 ربیع الاول کے پرمسرت موقع پر مبارک باد پیش کرتا ہوں،اللہ تعالیٰ نے اس مہینے میں ہمیں حضرت محمد خاتم النبین ﷺ کی ولادت کی صورت میں عظیم نعمت عطا فرمائی، آپ ؐ رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے ہدایت کا سرچشمہ ہے، یہ دن ہر مسلمان کے دل میں عشق ِرسول ﷺ کی شمع روشن کرتا ہے،
اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کی زندگی کو ہمارے لیے بہترین نمونہ قرار دیا، آپؐ کی سیرتِ طیبہ ہمیں ہر شعبۂ زندگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہے، آپ ﷺ نے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کیا،
موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کےلئے بحیثیت ِقوم اور امت ِمسلمہ حضور ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کو نفع پہنچائے، ہمیں نبی اکرم ﷺ کے انسانیت سے محبت اور ہمدردی کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے،
آپؐ نے ہمیشہ دوسروں کی مدد اور نصرت کا درس دیا، آپؐ کی زندگی ہر لمحے میں انسانیت کی خدمت کا عملی نمونہ ہے، نبی کریم ﷺ نے ہمیں سکھایا کہ ظلم کے خلاف آواز اٹھانا اور مظلوم کی مدد کرنا ایمان کا حصہ ہے، آج دنیا تقسیم اور ظلم و زیادتی کا شکار ہے، ہمیں نبی اکرمﷺ کے پیغام کو پھیلانا ہے جو محبت، رواداری اور انسانی حقوق کا ضامن ہے، حضور ﷺ نے ہر انسان کے ساتھ احترام اور عزت کا سلوک کیا، ہمیں دنیا بھر میں بھائی چارے، عدل اور محبت کو فروغ دینا ہے،آئیے ، اس مبارک دن کو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کریں، نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنے عمل کا حصہ بنائیں، اللہ تعالی پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے، اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ کی سیرت ِطیبہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے،

اپنا تبصرہ لکھیں