اسلام آباد میں ایس ایم ای کے عالمی دن کے موقع پر جمعہ کے روزسمیڈا نےکلسٹر پر مبنی دس سالہ ترقیاتی منصوبہ پیش کر دیا۔منصوبے کا افتتاح وفاقی سیکریٹری صنعت و پیداوار نے کیا۔
سیکریٹری صنعت و پیداوار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمیڈا نے پانچ کلسٹرز پر مبنی جو دس سالہ ترقیاتی منصوبہ تشکیل دیا ہے، اس کی بنیاد وزارت منصوبہ بندی کے فائیو۔ ای فریم ورک کے عین مطابق استوار کی گئی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ترقیاتی منصوبے میں پھلوں اور سبزیوں، برقی سکوٹرز، فارماسیوٹیکل، سی فوڈز اور ماربل و گرینائٹ کی صنعتوں کو شامل کیا گیا ہے۔ جن میں روزگار اور فروغ برآمدات کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ پانچ کلسٹرز کی تحقیقی رپورٹیں محض عِلمی مسودے نہیں، بلکہ یہ رپورٹیں متعلقہ کلسٹرز کی ترقی اور ان کے قومی معیشت میں فعال کردار کی واضح حکمت عملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بھی خوشی ہوئی ہے کہ یہ رپورٹیں کاروباری برادری کے رہنماؤں، صنعت کاروں اور معاشی ماہرین کی وسیع تر مشاورت سے مرتب کی گئی۔
ہمیں یقین ہے کہ ان رپورٹوں کی روشنی میں برآمدات، روزگار اور ترقی کے متوقع اہداف کو حاصل کرنے کے لئے سازگار اور قابل عمل پالیسیوں کی تشکیل کے لیئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جاۓ گا۔
انہوں نے کہا امید ہے کہ مذکورہ ترقیاتی منصوبہ اگلے دس برسوں میں برآمدات، روزگار اور جی ڈی پی میں نمایاں اضافے کا موجب بنے گا۔ آلو، ماربل و گرینائٹ، سی فوڈز، فارما سیوٹیکل اور ای بائیک کے کلسٹرز کی ترقیاتی حکمت عملیوں پر عملدرآمد سے قومی برآمدات میں آنے والے برسوں میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔
تقریب سے ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان اور سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سقراط امان رانا نے بھی خطاب کیا، جبکہ وفاقی سیکرٹری انڈسٹریز اعلیٰ سرکاری افسروں اور کاروباری برادری کے رہنماؤں نے تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر بریفنگ سمیڈا نے دیتے ہوۓ بتایاکہ آلوکے سیکٹرکی تجزیاتی رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کی صورت میں اگلے دس برسوں میں 23 کروڑ ڈالر سے زائد کی ایکسپورٹ بڑھے گی جبکہ ای بایک کی انڈسٹری کے فروغ سےامپورٹ بل میں 20 کروڑ ڈالر کی سالانہ بچت اور کاربن ایمشن میں سات لاکھ ٹن سالانہ کمی ہوگی۔اور دو ارب کی سرمایہ کاری کے علاوہ 8 ہزار نئی ملازمتیں پیداہونگی۔اس طرح سی فوڈ سیکٹر کیلءے تجویز کردہ سفارشات سے 30 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا امکان ہے جبکہ برآمدات میں 90 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوگا اور 90 ہزار نوکریاں پیدا ہونگی۔
فارما سوٹیکل کے سیکٹر کی تجزیاتی رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد برآمدات میں پانچ ارب ڈالر کے اضافہ کے علاوہ بیس ہزار روزگار پیدا کرنے کا موجب بنیں گی۔ اسی طرح منصوبہ میں شامل سفارشات کے مطابق ماربل و گریناءٹ کا سیکٹر اگلے دس سال میں گیارہ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ایک لاکھ تین ہزار ملازمیں پیدا کرنے کی گنجائش رکھتا ہے۔