صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دھماکا خیز مواد سے حملے میں پانچ فوجی جوان جان سے چلے گئے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق 21 جون کو ضلع کرم کے عام علاقے صدہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس میں پانچ فوجی جوان جان سے چلے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ حوالدار عقیل احمد، پونچھ کے 30 سالہ لانس نائیک محمد تافیر، اٹک سے 24 سالہ سپاہی انوش رفون، ہری پور سے 26 سالہ سپاہی محمد اعظم اور اسلام آباد سے 29 سالہ ہارون ولیم جان کی بازی ہار گئے۔
پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حملے جیسے گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں