کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی نیشنل پریس کلب کو ئٹہ پریس کلب کے ساتھ کھڑا ہے

اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے صدراظہر جتوئی ، قائم مقام سیکرٹری سید عون شیرازی، فنانس سیکرٹری وقار عباسی اور ایگزیکٹو و گورننگ باڈی کے ممبران نے کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو آزادی صحافت،اظہار رائے کی آزادی اور آئین کے آرٹیکل19 کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

نیشنل پریس کلب کے عہدیداروں نے اپنے ایک بیان میں بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی میں ملوث عناصر کے متعلق اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائے،انہوں نے مزید کہا کہ مقامی انتظامیہ کی طرف سے یہ اقدام صحافیوں کی آواز کو خاموش کرانے کی سازش ہے اور ہم اسکے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہیں.

نیشنل پریس کلب کے عہدیداروں نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ صحافیوں کو درپیش خطرات ، چیلنجزکے باوجود وہ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گےاور اس طرح کے اقدامات انہیں خوف زدہ نہیں کر سکتے، آئین کا آرٹیکل 19پاکستان کے ہر شہری کو اظہار رائےکی آزادی کا حق دیتا ہے.

پریس کلبز بحث و مباحثے اور مکالمے کے مراکز ہیں،کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی آزادی اظہار رائے پر کھلا حملہ ہے جسے پورے ملک کے صحافی اور پریس کلبزکسی طور پر بھی قبول نہیں کرینگے،ہم صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی ختم کرے .

ہم کوئٹہ پریس کلب کے عہدیداروں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم انکے ساتھ ہیں اور وہ جو بھی لائحہ عمل ترتیب دینگےنیشنل پریس کلب پاکستان کے تمام پریس کلبز کے ساتھ ملکر جدوجہد کرینگےاور کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی ختم کرنے کیلئے راست اقدام سے گریزنہیں کرینگے۔

اپنا تبصرہ لکھیں