کراچی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی اپیل پر کے ٹی این سکھر کے بیورو چیف شہید جان محمد مہر کے قتل کے خلاف کے یو جے نے ہفتہ کے روز احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے میں سول سوسائٹی اور سیاسی پارٹیوں کےراہنمائوں، ملیر پریس کلب، جوائنٹ ایکشن کمیٹی، پیپ اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے سے پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی، صدر کے یو جے اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی، حسن عباس، پیپ کے صدر جمیل احمد کراچی پریس کلب کے سابق صدر امتیاز خان فاران ، ملیر پریس کلب کے صدر حنیف سومرو، وکلاء رہنما اشرف سموں، جسقم کے رہنما الاہی بخش بکک، سندھ جرنلسٹس کونسل کے غازی جھنڈیر، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وحید راجپر، وحید سیال اور دیگر نے خطاب کیا۔
صدر پی ایف یو جے جی ایم جمالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید جان محمد مہر کے قتل کے خلاف نو ماہ سے صحافیوں کا احتجاج جاری ہیں۔ آج پی ایف یو جے کی اپیل پر ملک بھر میں احتجاج ہو رہا۔
ہمیں مجبور کیا جا رہا ہے کہ ہم وزیر اعلی ہائوس یا پھر پارلیمنٹ ہائوس کے باہر دھرنا دیں۔ سکھر سے پانچ کلومیٹر فاصلے پر جان محمد مہر کے قاتل کچے میں رہتے ہیں بارہا حکومتی وعدوں کے باوجود قاتل گرفتار نہیں ہوئے جس سے سندھ حکومت کی غیر سنجیدگی نمایاں ہو رہی ہے۔
ہم جلد ملک بھر کی صحافتی تنظیموں کے ساتھ مشاورت کے بعد آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔