گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایکسپو سینٹر میں 17 ویں بلڈ ایشیا 2023 کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر چین کے قونصل جنرل Yundong Yang بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ اس نمائش میں 12 ممالک کے 150 سے زائد وفود شریک ہیں جبکہ پاکستانی اور غیر ملکی کمپنیوں کے 550 سے زائد اسٹالز موجود ہیں،گورنرسندھ نے منتظمین کو اس اہم ایونٹ کے مسلسل انعقاد پر مبارکباددیتے ہوئے اس نمائش میں شرکت پر خصوصا غیر ملکی مندوبین کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے مزید کہاکہ تعمیراتی صنعت سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے ،تعمیرات کے شعبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں کم لاگت والے رہائشی یونٹس کی تعمیر کی اشد ضرورت ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ تین ماہ پہلے کہا تھا جلد متحدہ عرب امارات سے خطیر سرمایہ کاری آئے گی،کل 20 سے 25 بلین ڈالرز کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں،آئندہ چند ماہ میں 100 بلین ڈالر تک کی سرمایہ کاری ہوگی سعودی عرب ،قطر اور کویت سے بھی سرمایہ کاری آئے گی،اس کے لئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف معاشی دہشت گردی کا بھی مقابلہ کر رہے ہیں،پوری قوم کو انہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہئے۔ایک سوال کے جواب گورنرسندھ نے کہا کہ نواز شریف سے ملا تھا آصف زرداری سے بھی اس تناظر میں ملا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت گورنر سندھ اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعلی سے کہوں گا کہ بحریہ ٹاو ¿ن سے ملنے والے پیسے کا زیادہ حصہ ملک کے معاشی مرکز کراچی پر خرچ کریں۔دریں اثناءگورنرسندھ نے پروپیٹیک (PropTECH) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان اگلے 6ماہ کے دوران ترقی وخوشحالی کی نئی منازل کی جانب گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے حصہ کا کام کریں گے تاکہ ملک کو اقوام عالم میں آگے لے جانے کے لئے لے جایا جاسکے۔ تقریب سے چین کے قونصل جنرل Yundong Yang ،متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیط عتیق الرومیتھی ، آباد کے چیئرمین آصف سم سم نے بھی خطاب کیا۔