گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے قطر کے نئے قونصل جنرل نائف شاہین آر ایم ال سلیطی نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ۔
گورنرسندھ نے انہیں کراچی میں تعیناتی پر مبارک دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک قطر تعاون، اس میں اضافہ کے اقدامات ، صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
گورنرسندھ نے کہا کہ پاک قطر تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں،وقت گزر نے کے ساتھ ساتھ ان میں مزیر اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر نے صوبہ سندھ میں قدرتی آفات کے مواقع پر امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حب کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر کے سرمایہ کار صحت ، زراعت ، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ قونصل جنرل نائف شاہین آر ایم ال سلیطی نے کہا کہ پاک قطر تعلقات میں مزید استحکام کے لئے کام کروں گا۔ قطر کے نئے قونصل جنرل نائف شاہین آر ایم ال سلیطی نے گورنر سندھ کے ہمراہ امید کی گھنٹی بجائی اور قائد اعظم روم کا دورہ کیا اور بابائے قوم کے زیر استعمال اشیاءکا جائزہ بھی لیا۔
انہوں نے طاقتور پاکستان راشن بیگز اور آئی ٹی کورسز کے لئے تیار کی جانے والی مارکی کا بھی معائنہ کیا۔