آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں پیر کے روز سماعت کے دوران فرد جرم عائد کی۔چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔عدالت نے فرد جرم روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی۔عدالت کا کہنا تھا کہ آج کی تاریخ فرد جرم کے لیے مقرر تھی۔ فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔عدالت نے کیس کے گواہان کے بیانات 27 اکتوبر کو طلب کرلیے ہیں۔سائفر کیس کی سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔
اس سے قبل 17 اکتوبر کو فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم اس وقت تحریک انصاف کے وکلا کی جانب سے چالان کی کاپیاں فراہم نہ کرنے کا اعتراض اٹھایا گیا تھا۔ پی ٹی آئی وکلاء کے اعتراض کے بعد فردِ جرم کی تاریخ آج مقرر کی گئی تھی۔
آج سماعت کے موقع پر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔