نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو کی بیجنگ میں ملاقات

اسلام آباد: نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو کی بیجنگ میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں کی پاکستان اور کینیا کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی. دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور لوگوں کے روابط کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا.

وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور صدر ڈاکڑ ولیم روٹو نے اقتصادی تعاون کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے مابین تجارت کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر بھی اتفاق کیا.

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو (Belt and Road Initiative) کا شراکتی رکن ہونے کے ناطے پاکستان اس منصوبے کے دوسرے رکن ممالک بشمول کینیا کے ساتھ مزید ترقیاتی منصوبوں و اقدامات پر تعاون کا خواہاں ہے. یہ پاکستان کی شراکتی ترقی کیلئے کوششوں اور خطے کی خوشحالی کیلئے تعاون کی خواہش کا مظہر ہے.

ڈاکٹر ولیم روٹو نے کینیا کی جانب سے پاکستان کے زرعی اور صحت کے شعبے میں تجربے سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا.

وزیرِ اعظم نے کینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی ارشد شریف شہید کے قتل پر بننے والی خصوصی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کو اپنی رپورٹ کو جلد حتمی شکل دینے میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی.

وزیر اعظم نے کینیا کے صدر کو جلد پاکستان جبکہ کینیا کے صدر نے وزیرِ اعظم کو کینیا کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے دونوں رہنماؤں نے قبول کر لیا.

اپنا تبصرہ لکھیں