ایف بی آر کو لکھے گئے ایک خط میں کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کچھ مسائل کا ذکر کیا ہے جن کا یا تو تعلق ٹیکس سال 2023 کے ریٹرن فائل کرنے سے نہیں ہے یا انہیں پہلے ہی حل کیا جا چکا ہے۔ ایف بی آر نے ہمیشہ ٹیکس دہندگان اور اُن کے نمائندوں بشمول کراچی ٹیکس بار ایسو سی ایشن کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو بروقت حل کرنے میں تیزی سے کام کیا ہے۔ اس حقیقت کا اعتراف کراچی ٹیکس بار ایسو سی ایشن / پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کے ساتھ مختلف خط و کتابت میں تحریری طور پر بھی کیا ہے۔مزید برآں اس سال اب تک کسی کی طرف سے سسٹم کی سست روی یا سسٹم کی خرابی سے متعلق کو ئی مسئلہ نہیں اٹھایا گیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ IRIS-2.0 اپلیکیشن مکمل طور پر فعال ہے جسے ریٹرن باآسانی فائل کرنے اور ریٹرن کی تاریخ میں توسیع سے بچنے کے لئے یقینی بنایا گیا تھا۔
کراچی ٹیکس بار ایسو سی ایشن کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل اور ان کے حل کی تفصیلات ایف بی آر کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔