اوپن یونیورسٹی کے راولپنڈی ریجن کے زیر اہتمام ملی نغموں کے مقابلے کا انعقاد

اسلام آباد.علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی منانے کے لئے سال بھر تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے کی ایک پروقار تقریب گذشتہ روز راولپنڈی ریجن کے زیر اہتمام سرسید سائنس کالج راولپنڈی میں منعقد کی گئی، اس تقریب میں طلباء و طالبات کے مابین ملی نغموں کے مقابلے کا اہتما کیا گیا جس میں 50طلباء و طالبات نے حصہ لیا، پہلی تینوں پوزیشنزحاصل کرکے طالبات نے میدان مار لیا۔حاجرہ بتول نے ‘ہم زندہ قوم ہیں ‘نغمہ گا کر پہلی پوزیشن لی، فائزہ علی نے دوسری اور ردا عارف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ججز کے فرائض انجام دینے والوں میں پروفیسر محمد عارف، پروفیسر محمد بشیرملک اور پروفیسر باقر وسیم شامل تھے۔تقریب کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر ریجنل سروسز، سفیراللہ نے کی۔ ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، سید غلام کاظم علی اور ریجنل ڈائریکٹر راولپنڈی، نسرین اختر مرزا اور اسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر، مہر النساء نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے سفیر اللہ نے کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود طلبہ کو ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے خواہاں ہیں، میں اُن کی جانب سے اس مقابلے میں شرکت کرنے والے تمام طلبہ کو مبارکباد دیتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ یونیورسٹی اس طرح کے مواقع آپ کو بار بار فراہم کرے گی۔سید غلام کاظم علی نے بھی بچوں کو شرکت کرنے اور پوزیشنز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی نے اپنے تمام علاقائی دفاتر میں اس طرز کی تقرییاب منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔سید کاظم علی کا کہنا تھا کہ چھوٹے بچوں کے زبانی ملی نغمے سن کریہ یقین پختہ ہوگیا ہے کہ آج کے جوان وطن کی مٹی سے بہت محبت کرتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی ریجن کی ڈائریکٹر، نسرین اختر مرزا نے کہا کہ ہم وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان کے شکرگزار ہیں جن کی سپورٹ اور سربراہمی میں ہم اس طرح کے محافل سجانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔نسرین مرزا نے انعامات جیتنے والے بچوں اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔انہوں نے تقریب کو کامیاب بنانے پر اپنی ٹیم کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔

اپنا تبصرہ لکھیں