اسلام آباد ( سی این این اردو): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیشنل اسکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز 22اگست کو ایوان صدر میں طلب کرلیے ہیں سرچ کمیٹی نے اسکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے لیے تین ناموں کا انتخاب کیا ہے جن میں ٹیکنیکل یونیورسٹی خیرپور کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ، یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کے وائس چانسلر ڈاکٹر زکریہ ذاکر اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے سابق ڈین ڈاکٹر سہیل اصغر شامل ہیں۔ ادہر صدر مملکت نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے تین ناموں کی سمری اعتراضات کے ساتھ واپس کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے لئے تین ناموں میں قائد اعظم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ، خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان کے وائس چانسلر ڈاکٹر سلیمان طاہراور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ناصر محمود شامل تھے۔
صدر مملکت نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے معاملے پر سوالات پوچھے ہیں کہ سمری دوبارہ کیوں بھجی گئی ہے اور دوبارہ اشتہار کیوں شائع کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر کے انتخاب کے لیے انٹرویوز کا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر کے انتخاب کے لیے تین امیدواروں ڈاکٹر ثمینہ ملک، ڈاکٹر محمد الیاس اور ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی کے انٹرویوز ایک ماہ قبل کرلیے تھے تاہم سمری کو روک لیا گیا ہے تینوں امیدواروں کا تعلق انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے ہے.