اسلام آباد: ایوانِ صدر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تقرری کی سمری آج شام ایوانِ صدر کو بھجوائی گئی تھی، جس کی صدر نے منظوری دے دی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز بن گئے ہیں، جبکہ وہ بیک وقت چیف آف آرمی اسٹاف کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔ دونوں عہدوں کی مدتِ ملازمت پانچ سال مقرر کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں، صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی سفارش پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بطور چیف آف ائیر اسٹاف مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع بھی منظور کر لی ہے۔ یہ توسیع مارچ 2026 میں ان کی موجودہ پانچ سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد نافذ العمل ہو گی۔