گوجرانوالہ : ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کی زیر صدارت ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے انسانی اسمگلنگ سمیت دیگر جرائم سے متعلق شکایات پیش کیں، جن پر ڈائریکٹر گجرانوالہ زون نے فوری انکوائری کے احکامات جاری کیے۔
انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایسے گھناونے جرائم میں ملوث ملزمان کو کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی۔
عبدالقادر قمر نے افسران کو ہدایت کی کہ انسانی اسمگلنگ کے شکار متاثرین کو ہر ممکن قانونی مدد فراہم کی جائے، اور مجرموں کو قانون کی گرفت میں لا کر نشان عبرت بنایا جائے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں تاکہ ان کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالقادر قمر کی کوششوں کو سراہا اور اُن پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
ڈائریکٹر گجرانوالہ زون نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور جرائم کا خاتمہ ایف آئی اے کی اولین ترجیح ہے، اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔