اسلام آباد عدالت نے سوشل میڈیا کے ذریعےخواتین کوبدنام کرنے، ہراساں کرنے اور بلیک میلنگ میں ملوث سکول ہیڈ ماسٹر سمیت3 مجرمان کو سزا سنا دی۔سزا پانے والے مجرمان میں اعجاز احمد، محمد عمران اور شمریز احمد شامل ہیں۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد نے ہفتہ کے روز مجرموں اعجاز احمد کو 4 سال، شمریز احمد کو 2 سال جبکہ عمران احمد کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔سزا پانے والے مجرمان خواتین کو سوشل میڈیا پر بدنام کرنے ، ہراساں کرنے اور بلیک میلنگ میں ملوث پائے گئے۔
مجرم اعجاز احمد کے خلاف سال 2023 میں مقدمہ درج ہوا۔تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا صاف اعتراف کیا اور بتایا کہ اس نے قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز متاثرہ شہری کے خاندان کے ساتھ شئیر کیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، اسلام آباد نے ملزم اعجاز احمد کو چار سال قید اور متاثرہ خاتون کو 50,000 روپے معاوضہ ادا کرنے کی سزا سنائی۔
جبکہ دوسرے مقدمہ میں عدالت نے مجرم شمریز احمد کو 2 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔مجرم شمریز متاثرہ خاتون اور اس کے جاننے والوں کو غیر اخلاقی میسجز بھیجنے میں ملوث پایا گیا۔
ایک اور مقدمہ میں عدالت نے مجرم عمران کو 1 سال سزا اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔مجرم خواتین کو غیر اخلاقی میسجز بھیجنے میں ملوث پایا گیا۔مجرم محمد عمران سرکاری سکول میں بطور ہیڈماسٹر تعینات ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مجرمان کو عدالت کے احکامات کی روشنی میں گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا۔سوشل میڈیا کے مجرمانہ استعمال کو ختم کرنے کے لئے ایف آئی اے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔