اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے پاکستان کی حکومت اور عوام کو شنگھائی تعاون تنظیم (SCO-CHG) کے 23ویں سربراہان حکومت کے اجلاس کی کامیاب میزبانی پر دلی مبارکباد اور ستائش پیش کی ہے۔ سفارت خانے نے اس اہم بین الاقوامی ایونٹ کے شاندار انتظامات اور سکیورٹی انتظامات کو سراہا جو اس کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوئے۔
سفارت خانے نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے نازک عالمی دور میں اس اہم اجلاس کی میزبانی پاکستان کی خطے میں کثیر الجہتی تعاون کے عزم کا ثبوت ہے۔ SCO-CHG اجلاس کی کامیاب میزبانی رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے اور عالمی و علاقائی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے تخلیقی اقدامات کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔
سفارت خانے نے اس بات کو اجاگر کیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) اپنے رکن ممالک کے درمیان امن، استحکام، ترقی اور اعتماد کی فضا کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ پلیٹ فارم SCO اور دیگر علاقائی و عالمی کثیر الجہتی تنظیموں کے درمیان تعاون کے مواقع پیدا کرتا ہے، جو سیکیورٹی، معیشت اور سیاست جیسے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بہتر بناتا ہے۔
ایرانی سفارت خانے نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ اس قسم کے اقدامات سے پیدا ہونے والے دوطرفہ اور کثیر الجہتی مواقع ایران، پاکستان اور تمام SCO رکن ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔