اسلام آباد پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبد اللہ نے آج چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے مابین نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ممکنہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔
ایتھوپیا کے سفیر نے اس موقع پر کہا کہ “ایتھوپیا اور پاکستان دونوں ممالک میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو دونوں ممالک کے لیے ترقی کے مواقع پیدا کرتی ہے۔ ہم ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھتے ہوئے نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں مدد کر سکتے ہیں۔”
ایتھوپیا کے سفیر نے مزید کہا کہ پاکستانی تاجروں کے لیے جنوری 2025 میں ایتھوپیا میں ہونے والی سنگل کنٹری نمائش میں شرکت کا موقع موجود ہے، جہاں پاکستانی برآمد کنندگان اپنے مصنوعات کی نمائش کر سکتے ہیں اور نئے کاروباری مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔
ایتھوپیا کے نوجوان موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایتھوپیا نے نوجوانوں کو موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے فعال کردار سونپا ہے جو عالمی برادری کے لیے قابلِ تقلید ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ “ایتھوپیا کی حالیہ ترقی متاثر کن ہے اور پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید فروغ دینے کے لیے تعاون کرنے کا خواہاں ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں اور ہم اس بات کے خواہاں ہیں کہ ایتھوپیا کے ساتھ بھی اس شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے تاکہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔”
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون بڑھانے اور مختلف شعبوں میں نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔