صدرمملکت کامتاثرین دہشت گردی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے متاثرینِ دہشت گردی کی یاد اور خراج ِتحسین کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ متاثرین ِدہشت گردی کے عالمی دن کے موقع پر دہشت گردی کے تمام متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں،دہشتگردوں کے خلاف ملکی دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکورٹی فورسز کے بہادر اہلکاروں، عوام کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں،یہ دن دہشت گرد عناصر کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے تمام خاندانوں کے درد اور تکالیف کی یاد دلاتا ہے، دہشت گردی کے خلاف دو دہائیوں سے زائد عرصہ سے مسلسل جاری جنگ کی پاکستان نے بھاری قیمت چکائی،ہم نے دہشت گردی کی وجہ سے ہزاروں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو کھویا،
پاکستان کی سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو بھی دہشت گردوں نے شہید کیا،ملک کے متعدد سیاسی اور مذہبی رہنما بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، دہشت گردی نے ملکی معیشت کو اربوں ڈالر کا مالی نقصان پہنچایا،پاکستان مخالف قوتیں دہشت گردی کی حمایت ، خفیہ طور پر مالی معاونت کر رہی ہیں،پاکستان مخالف قوتیں دہشت گردی کی کاروائیاں انجام دینے کے لیے عسکریت پسند بھیج رہی ہیں،
ہماری قوم نے چیلنجوں کے مقابلے میں بے مثال عزم اور استقامت کا مظاہرہ کیا،پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے کامیابی سے دہشت گرد قوتوں پر قابو پایا،پاکستان دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف تنہا جنگ لڑ رہا ہے،دہشت گردی کے خلاف ہماری کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے،ہم بین الاقوامی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں،آج بھی ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں،پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کی امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں، فوجی آپریشنز جیسے حربی اقدامات سے متعدد دہشت گرد نیٹ ورکس کا کامیابی سے خاتمہ کیا گیا،
غیر حربی اقدامات سے دہشت گردی کے خلاف کمیونٹی کی صلاحیت کو مستحکم کیا گیا ہے،آج ہم دہشت گرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،ہمارا بنیادی مقصد عوام کی حمایت سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ، ملک کے لیے پُرامن مستقبل کا حصول ہے، ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، متاثرین اور ان کے خاندانوں کی مدد کے لیے پرعزم ہیں،دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے، خاتمے کے لیے عالمی برادری کی اجتماعی کوششوں، تعاون کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی تعاون مضبوط بنانا ہوگا،بین الاقوامی سطح پر انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے کی ضرورت ہے،انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ہوا دینے والے بنیادی اسباب کا سدِ باب کرنا ناگزیر ہے،یقین ہے کہ مل کر کام کر کے سب کے لیے ایک محفوظ اور پرامن دنیا تشکیل دے سکتے ہیں،

اپنا تبصرہ لکھیں