ایف آئی اے اسلام آباد زون نے کاروائی کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ممبر سٹیٹ افنان عالم کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل اسلام آباد نےاسلام آباد کے مختلف موضعات میں ایکوائر کی گئی 624 کنال اور 8 مرلہ اراضی کی جعلی رپورٹیں بنانے کاروائی عمل میں لائی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی منی لانڈرنگ سرکل اسلام آباد نے مقدمہ درج کر کے سی ڈی اے کے سابقہ ممبر اسٹیٹ کو ڈیلر سمیت گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں افنان عالم اور جبار شامل ہیں۔
گرفتار ملزم افنان عالم سی ڈی میں بطور ممبر اسٹیٹ تعینات رہا ہے ملزم نے کرپشن کرتے ہوئے غیر مستحق افراد کو سیکٹر I-15 اسلام آباد میں 62 پلاٹ الاٹ کئے۔ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے مجموعی طور پر 1 ارب کا نقصان پہنچایا۔
اس سے قبل ملزم کے خلاف کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد میں بھی مقدمہ درج تھا۔ملزم افنان عالم نے کرپشن کرتے ہوئے اپنے اور اہلیہ کے نام پر غیر قانونی اثاثے بنائے۔
ملزم نے کرپشن سے حاصل کردہ بھاری رقوم سے سیکٹر C14 میں جائدادیں بنائی ہیں۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔