جمعرات کے روز اسلام آباد میں یو ایس ایڈ کے زیر انتظام توانائی کے شعبے میں کامیاب نوجوان گریجویٹس کے لیے تقریب منعقد ہوئی۔جس میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے جاری “ایمپاور آل انرجی پروگرام” کے دوسرے گروپ کے 24کامیاب گریجویٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
اس پروگرام کے تحت، توانائی کے شعبے میں نوجوانوں خصوصاً خواتین کو آگاہی ملی، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز میں رابطے بڑھے اور انہیں اپنی فیلڈ میں آگے بڑھنے کے لیے راہنمائی ملی ۔
یو ایس ایڈ کے قائم مقام مشن ڈائریکٹر جیمز فلیمنگ نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر مسعود کے ہمراہ تقریب میں انجینئرنگ گریجویٹس میں اسناد تقسیم کیں۔یو ایس اے آئی ڈی نے 2023 میں”توانائی کے شعبے میں بہتری کے لے سرگرمیوں ” کے تحت “ایمپاور آل انرجی پروگرام” کا آغاز کیا۔
ترجمان یو ایس ایڈ کے مطابق اس کے اہم مقاصد میں پاکستان میں توانائی کے شعبے سے وابستہ نوجوانوں کو ان کی اہلیت کی بنیاد پر مواقع کی فراہمی ہے۔ پروگرام کے تنائج حوصلہ افزا ہیں۔2023 کے پہلے گروپ میں شامل 20 افراد میں سے اکثریت نے عوامی اور نجی توانائی کے شعبے میں ملازمتیں اور انٹرن شپ حاصل کی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام مشن ڈائریکٹر جیمز فلیمنگ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے، ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا۔ یہ باصلاحیت نوجوان، خاص طور پر نوجوان خواتین،نئے نظریات، نقطہ نظر ، اور صلاحیتوں کے ساتھ توانائی سے متعلق عالمی ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔