اسلام آباد اسلامی جمعیت طلبہ کا میکڈونلڈ پر حملہ ایس پی سٹی زخمی .جمعہ کی شام اسلامی جمیعت کے مشتعل کارکنان نے اسلام آباد میں ملٹی نیشنل ریسٹورنٹ میکڈونلڈ پر حملہ کر دیا۔اسلام آباد پولیس کے مطابق شر پسند عناصر کے حملے میں ایس پی سٹی خان زیب زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منظم جتھے نے ریسٹورنٹ پر خواتین کو زدوکوب کیاشہریوں کے 15 پر کال کرنے کے ردعمل میں ایس پی سٹی خان زیب موقع پر پہنچے۔شر پسندوں نے ایک پولیس ملازم کو بھی یرغمال بنانے کی کوشش کی۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا نے ہسپتال میں زخمی ایس پی سٹی کی عیادت کی ۔
ترجمان جماعت اسلامی اسلام آباد نے سی این این اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایس پی سٹی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے تاہم یہ ممکن ہے کہ پر امن مظاہرین پر پولیس کے لاٹھی چارج کے دوران مظاہرین میں سے کسی نے کوئی پتھر مار دیا ہو۔جبکہ پولیس نے جمیعت کے 6 کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ اسلامی جمیعت طلبہ کے کارکنان پر پولیس تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔جمعیت کے پرامن احتجاج پر گرفتار چھ کارکنان کو فوری رہا کیا جائے ۔اسلام آباد انتظامیہ اسرائیلی اور یہودی لابی کی محبت سے باہر نکلے۔اسلامی جمیعت طلبہ کے گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے ۔
حکومت فلسطین پر مظالم نہیں رکوا سکتی تو کم از کم مصنوعات کا ہی بایکاٹ کرے۔طلبہ پر پولیس کا بہیمانہ تشدد ریاستی جبر کے مترادف ہے۔حکومت فلسطین پر مظالم کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبانا چاہتی ہے ۔