فیصل آبادایجنسیز فرانسیس برائے ڈویلپمنٹ (AFD) کے 2 رکنی مشن نے مسٹر فلپس کی قیادت میں فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈی سی کمپلیکس میں ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ اور واسا ہیڈ آفس میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیزسے ملاقات کی۔ڈائریکٹر اربن ڈویلپمنٹ احسن پراچہ،پراجیکٹ ڈائریکٹر ثاقب رضا و دیگر بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اے ایف ڈی مشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ فیصل آباد کے شہریوں کے لئے پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے میگا پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے مشن سے سفارش کی کہ وہ پراجیکٹ کے حوالے سے لون کیس کی جلد منظوری کے لئے ورکنگ کریں تاکہ مقامی سطح پر پراجیکٹ کے حوالے سے تمام امور کو جلد مکمل کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پراجیکٹ کے حوالے سے قائم کی جانے والی پانی کی ٹینکیاں واسا کو ٹرانسفر کررہے ہیں تاکہ اس میگا پراجیکٹ پر کوئی ابہام نہ رہے۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے کہا کہ سرفیس ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ فیز ٹو کی تکمیل سے شہر کے شرقی حصے کی متعدد آبادیوں کو پینے کا صاف پانی مہیا ہو سکے گا جس سے شہریوں کو پینے کے مسائل سے نجات حاصل ہو گی۔ ایم ڈی واسا نے اے ایف ڈی مشن سے لون ایکسٹینشن بارے بھی تبادلہ خیال کیا کیونکہ پراجیکٹ کی چار سال کی منظوری ہورہی ہے۔ اے ایف ڈی مشن نے کنٹریکٹر فرم کے نمائندگان سے بھی میٹنگ کی جس میں جون کے مہینے میں آن سائٹ پراجیکٹ پر تعمیراتی کام شروع کئے جانے کا واضح امکان ہے۔ اسی طرح اے ایف ڈی مشن نے سرفیس واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ فیز ٹو کی سائٹ کا وزٹ بھی کیا اور اب تک کی پراگریس سے آگاہی لی۔