فیصل آباد کے فن موسیقی کے ٹیلنٹ نے ہمیشہ دنیا بھر میں فیصل آباد کا نام روشن کیا اور اس سر زمین نے ہمیشہ نامور گلوکار پیدا کیے ہیں ان خیالات کا اظہار کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام پہلا پنجاب مقابلہ موسیقی ڈویژنل سطح کے مقابلے کے موقع پر کیا ۔ پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام 22 اپریل سے ضلع فیصل آباد سے شروع ہونے والا مقابلہ موسیقی جس کا ضلع جھنگ 23 اپریل ، ضلع چنیوٹ 24 اپریل ، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ 25 اپریل کو منعقد ہوا ۔تمام ضلع کی سطح پر پوزیشن حاصل کرنے والوں کے مابین ڈویژن سطح کے مقابلے میں 12 نوجوان گلوکاروں نے حصہ لیا ۔کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعید نے مقابلہ موسیقی میں شامل نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن کی کاوش کو سراہا ۔ پہلا پنجاب مقابلہ موسیقی فیصل آباد ڈویژن میں پہلی پوزیشن رمشا سحر نے حاصل کی ، دوسری پوزیشن مظہر عباس جبکہ تیسری پوزیشن جاوید اقبال نے حاصل کی ۔ کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعید اور ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن محمد ابرار عالم نے پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے ۔ مقابلہ موسیقی کے صوبائی سطح کے مقابلے 22 جون کو لاہور میں ہوں گے ۔