حکومت نجی شعبہ کے تعاون سے لوگوں کو صحت او ر تعلیم کی ہر ممکن سہولتیں مہیا کر رہی ہے تاہم اُن میں مزید توسیع کی ضرورت ہے جس کیلئے مخیر حضرات کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ بات گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے تیسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کے باوجود ابھی تک ایک بڑا طبقہ ان بنیادی سہولتوں سے محروم ہے لیکن امید ہے کہ نجی شعبہ کے تعاون سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں مہیا کی جا سکیں گی۔ عزیز فاطمہ ٹرسٹ کے منیجنگ ٹرسٹی اور ستارہ کیمیکلز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں محمد ادریس نے کہا کہ میڈیکل ایسا شعبہ ہے جس سے نہ صرف باعزت روزگار حاصل کیا جا سکتا ہے بلکہ بیک وقت دکھی انسانیت کی خدمت بھی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولتیں مہیا کرنے کیلئے بہترین فیکلٹی مہیا کی گئی ہے جبکہ طلبہ کی عملی تربیت کیلئے جدید مشینری اور آلات کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ تقریب سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم راٹھور اور عزیز فاطمہ میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ٹرسٹی میاں جاوید اقبال، میاں عمران غفور، میاں عبداللہ جاوید اور اعجاز حسین کے علاوہ فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ آخر میں گورنر نے ایم بی بی ایس کے چھٹے بیج کے 42اور ساتویں بیج کے 91 طلبہ کو ڈگریاں دیں۔ اس موقع پر بی ایس سی نرسنگ کے پہلے بیج کی 20اور دوسرے بیج کی 23طالبات کو بھی ڈگریاں دی گئیں۔ جبکہ آخرمیں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کوعزیز فاطمہ ٹرسٹ کے منیجنگ ٹرسٹی اور ستارہ کیمیکلز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں محمد ادریس نے اعزازی شیلڈبھی پیش کی۔