ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری عبدالرؤف کی ہدایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم راولپنڈی کی جانب سے موبائل فون سم کارڈز کے غیر قانونی اجراء میں مصروف افراد کے خلاف ایک اہم کریک ڈاؤن کیا گیا۔
انسپکٹر بدر شہزاد کی قیادت میں گزشتہ روز راولپنڈی میں ایک کامیاب چھاپہ مارا گیا جس کے نتیجے میں تین ملزمان فہد خان، خلیل جبران اور جعفر حسین کو گرفتار کر لیا گیا۔
پی ٹی اے کی سفارشات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں کافی مقدار میں غیر قانونی سم کارڈز کے ساتھ ساتھ آٹھ موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور پانچ بی وی ایس ڈیوائسز سمیت مختلف الیکٹرانک ڈیوائسز بھی ضبط کی گئیں۔
مزید برآں، چھاپے کے دوران ملزمان سے 770 سلیکون انگوٹھوں کے نشانات، 285 انگوٹھوں کے نشانات، 11 ہزار ڈیجیٹل انگوٹھوں کے نشانات اور 3246 فعال غیر قانونی سم کارڈز برآمد ہوئے۔
تفتیش میں ملزمان کے سم کارڈز کو غیر مجاز طور پر ایکٹیویشن کرنے اور مائیکرو فنانس بینکنگ اکاؤنٹس کو مبینہ سلیکون فنگرز کے ذریعے استعمال کرنے میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
گرفتار افراد کو کیس کی مزید تفتیش میں سہولت فراہم کرنے کے لیے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے، جو تاحال جاری ہے۔