پشاور کے ورسک روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم پھٹنے سے ایک فوجی شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق دھماکے میں 29 سالہ لانس نائیک عبدالرحمان شہید ہو گئے۔ دھماکے میں تین فوجیوں کے علاوہ تین شہری بھی زخمی ہوئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے بیان میں دھماکے میں نشانہ بننے والی فورس کا ذکر نہیں کیا گیا لیکن پولیس اور ریسکیو حکام نے دن کے اوائل میں کہا تھا کہ یہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی تھی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 6 ایف سی اہلکار اور 3 شہری زخمی ہوئے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) انتظامیہ کے مطابق دو زخمی ایف سی اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو ایل آر ایچ لایا گیا، اسپتال کی انتظامیہ نے تصدیق کی۔