اسلام آباد: ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کو ایران نے خلیجی ممالک میں قائم امریکی اڈوں پر ایران کے شدید حملوں کے نتیجے میں بھاری نقصانات کرنے کا دعوی کیا ہے.ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق امریکی افواج کے اڈوں پر ایران کے شدید وار، کے نتیجے میں الظفرہ، شیخ عیسی اور العدیری بیسز آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں ہیں. سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحری فورس کے اعلان کے مطابق، وعدہ صادق 4 آپریشن کے 49ویں مرحلے میں خطے میں امریکی دہشت گرد فوج کے اڈوں پر بھاری وار کیے گئے۔تاہم کسی دیگر زرائع سے ایران کے اس دعوے کی تصدیق تا حال موصول نہیں ہو سکی.
ارنا کے مطابق “یا رسول اللہ (ص)” کے سلوگن کے ساتھ شروع ہونے والے آپریشن کے اس مرحلے میں سپاہ پاسداران کی بحری فورس نے “الظفرہ” ایئربیس کے کنٹرول ٹاور اور ایئرڈیفنس کے گوداموں نیز پیٹریئٹ ایئرڈیفنس یونٹس کو تباہ کردیا۔
اس حملے میں خودکش ڈرون طیاروں اور باریک بینی سے مار کرنے والے بیسلٹک میزائلوں سے حملہ آور امریکی فوج کے مراکز اور وسائل کو نشانہ بنایا گیا۔
شیخ عیسی بیس پر بھی متعدد میزائل اور ڈرون طیاروں سے حملہ کیا گیا ہے۔ اس حملے میں ارلی وارننگ ریڈار، جنگی جہازوں کے ہینگر، ریمپ اور امریکی جہازوں کے ایندھن کے ذخیروں کو تباہ اور نذر آتش کردیا گیا۔
ارنا کا کہنا ہے کہ “العدیری” ایئربیس بھی سپاہ پاسداران انقلاب کے ڈرون طیاروں اور میزائلوں کی زد میں آیا جہاں امریکی دہشت گرد فوجیوں کے جھنڈ نیز ہیلی کاپٹروں کے ہینگر کو تباہ کردیا گیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت آبنائے ہرمز مکمل طور پر اسمارٹ طریقے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے کنٹرول میں ہے۔
اس اعلان میں خبردار کیا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے ایران پر جارح افواج اور ان کے حلیفوں کے آئل ٹینکروں اور تجارتی جہازوں کی آمد و رفت پر قطعی پابندی ہے اور گزرنے کی کوشش کی صورت میں انہیں نشانہ بنا کر تباہ کردیا جائے گا۔