اٹک : ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اٹک انیل سعید کی زیر صدارت شہر کی خوبصورتی اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف آفیسر بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد خان، میونسپل آفیسر پلاننگ رضا الٰہی اور بلدیہ کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہر میں پارکنگ کے مناسب انتظامات، مختلف مقامات پر معلوماتی اور رہنمائی سائن بورڈز، ڈائریکشن سائنز کی تنصیب، خواتین کے لیے ریڑھی بازار کے قیام، مقامی زبان میں سائن بورڈز لگانے اور شہر کی مجموعی خوبصورتی کو بہتر بنانے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی صرف ظاہری آرائش تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی، بہتر ٹریفک مینجمنٹ، واضح رہنمائی بورڈز اور منظم پارکنگ سسٹم بھی سٹی بیوٹیفکیشن کا اہم حصہ ہیں۔
انہوں نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے خواتین ریڑھی بازار کے قیام کو ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ شہری ماحول بھی منظم ہوگا۔
اجلاس کے بعد ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اٹک انیل سعید نے چیف آفیسر بلدیہ اور دیگر افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری و مجوزہ شہری خوبصورتی کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار، رفتار اور تسلسل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیہ اٹک شہر کو صاف، منظم اور خوبصورت بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔