اسلام آباد – ورلڈ جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر Jun Hyuk Lee، جنرل سیکرٹری عابد صدیق چوہدری اور ایگزیکٹو کونسل نے معروف اینکر پرسن شہید ارشد شریف کی بیوہ اور سینئر پاکستانی صحافی جویریہ صدیق کو ہراساں کرنے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بیان کے مطابق بعض نامعلوم شرپسند عناصر نے پاکستانی صحافی جویریہ صدیق کی رہائش گاہ کے باہر اونچی آواز میں جملے کس کر دھمکیاں دیں، جس سے نہ صرف ان کی ذاتی سلامتی بلکہ ان کے اہلِ خانہ کے تحفظ پر بھی سوالات اٹھتے ہیں۔ ورلڈ جرنلسٹس فیڈریشن نے اسے آزادیٔ صحافت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
فیڈریشن نے پاکستانی وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ہراساں کرنے والے عناصر کا فوری سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور صحافی جویریہ صدیق و ان کی فیملی کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
آزادیٔ صحافت اور عالمی تناظر
پاکستان میں صحافیوں کا تحفظ ایک ایسا موضوع ہے جس پر بین الاقوامی برادری، عالمی صحافتی تنظیمیں اور انسانی حقوق کے ادارے مسلسل توجہ دیتے رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر آزادیٔ اظہار اور صحافیوں کے تحفظ کو بنیادی انسانی حق تسلیم کیا جاتا ہے، جس کا مقصد عالمی تعاون اور شفاف اطلاعات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
ورلڈ جرنلسٹس فیڈریشن نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات سامنے لائی جائیں۔ تنظیم کے مطابق صحافی جویریہ صدیق اپنے شوہر کی شہادت کے بعد پہلے ہی شدید ذہنی صدمے سے گزر رہی ہیں، ایسے میں ہراساں کرنا مزید ذہنی دباؤ کے مترادف ہے۔ معاملے پر فوری کارروائی نہ صرف صحافیوں کے اعتماد کی بحالی بلکہ پاکستان کی عالمی ساکھ کے لیے بھی ناگزیر ہے۔