راولپنڈی :-تھانہ صدر واہ کی حدود میں واقع واہ ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے نے علاقے میں سوگ کی فضا پیدا کر دی، جہاں 16 سالہ لڑکے کی غلطی سے چلنے والی گولی سے 70 سالہ بزرگ شہری جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق ایک دودھ دہی کی دکان پر سیکیورٹی گارڈ اور دکاندار معمول کے مطابق ناشتہ کر رہے تھے اور ان کی بندوق ایک طرف رکھی ہوئی تھی۔ اسی دوران دکان میں موجود کم عمر لڑکا بندوق کو چیک کر رہا تھا کہ اچانک لوڈڈ ہتھیار سے گولی چل گئی۔
گولی سیدھی بزرگ شہری غیرت علی کی کمر میں جا لگی، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ دکان میں موجود افراد کے مطابق لڑکا غیر ارادی طور پر بندوق کو ہاتھ لگا رہا تھا اور اسے معلوم نہیں تھا کہ ہتھیار لوڈ ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم نے پہنچ کر لاش کو ابتدائی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس تھانہ صدر واہ نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے کم عمر ملزم اور سیکیورٹی گارڈ دونوں کو حراست میں لے لیا جبکہ بندوق بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور غفلت و لاپرواہی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یہ حادثہ اس بات کی سنگین یاد دہانی ہے کہ اسلحہ ہمیشہ انتہائی احتیاط اور ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے۔