عالمی یومِ خصوصی افراد: اٹک میں سرکاری سطح پر پروقار سیمینار کا انعقاد

اٹک: (سی این این اردو) — عالمی یومِ خصوصی افراد کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال اٹک میں محکمہ سماجی بہبود اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے ایک پروقار سرکاری سیمینار منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے خصوصی بچے اور ان کے اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈویژنل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محترمہ شمائلہ خان تھیں، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اٹک انزہ عباسی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ سماجی تنظیموں کے نمائندے، والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔

سیمینار میں خصوصی بچوں نے رنگا رنگ ٹیبلو، ملی نغمے اور مختلف پرفارمنسز پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ ان سرگرمیوں کو بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان میں اعتماد پیدا کرنے کا عملی مظہر قرار دیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل ڈی ای او شمائلہ خان نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور حکومتِ پنجاب ان کی تعلیم، بحالی اور فلاح کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر انزہ عباسی نے کہا کہ خصوصی بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے ایسے پروگرام نہایت اہم ہیں اور ضلعی انتظامیہ ان کی فلاح کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق کی حفاظت اجتماعی ذمہ داری ہے اور حکومت ان کے لیے سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دیتی ہے۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں