چین کے صدر ژی جن پنگ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کی اطلاع چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژن ہوا اور WANA News کے مطابق ۔
صدر ژی نے کہا کہ چین ایران کے پرامن جوہری پروگرام، قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے اختلافات حل کرنے کے ایرانی مؤقف کو سراہتا ہے۔
یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمٹ کے موقع پر ہوئی، جہاں ایرانی صدر نے مغربی طاقتوں پر جوہری مسئلے پر “دوہرا معیار” اپنانے کا الزام لگایا اور چین کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
چینی صدر نے کہا کہ طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں بلکہ مکالمہ اور مفاہمت ہی امن کا حقیقی راستہ ہے۔
صدر پزشکیان 3 ستمبر کو بیجنگ میں منعقد ہونے والی چین کی تاریخی فوجی پریڈ میں بھی شریک ہوں گے، جو دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کی 80 ویں برسی کے موقع پر منعقد کی جارہی ہے۔ اس تقریب میں دنیا کے کئی اہم رہنما بھی شرکت کریں گے، جن میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان، پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر شامل ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پریڈ عالمی سطح پر ایک نئے جغرافیائی اتحاد کی علامت بن کر سامنے آ رہی ہے۔