Kazakhstan and Turkmenistan ambassadors meet Pakistan’s Federal Minister for Railways Hanif Abbasi in Islamabad to discuss enhancing trilateral railway cooperation and regional connectivity.

پاکستان، قازقستان اور ترکمانستان کا ریلوے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد، (عابد صدیق چوہدری )7 اگست 2025 – پاکستان میں جمہوریہ قازقستان کے سفیر، یرزھان کسٹافین، اور اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر، اَتاجان موولاموف نے وفاقی وزیر برائے ریلوے، محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان، قازقستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ اور سہ فریقی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی، خاص طور پر ریلوے کے شعبے میں روابط کو بہتر بنانے، خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور زمینی راستوں کے ذریعے سامان کی ترسیل کے امکانات پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے دونوں برادر ممالک کے ساتھ پاکستان کے قریبی اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی رابطہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لیے ریلوے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وسطی ایشیائی ممالک اور پاکستان کے درمیان براہِ راست ریل رابطہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔

سفیر قازقستان یرزھان کسٹافین اور سفیر ترکمانستان اَتاجان موولاموف نے پاکستان کی ریلوے کے شعبے میں اصلاحات اور استعداد کار بڑھانے کی کوششوں کو سراہا اور مشترکہ منصوبوں پر عملی تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تینوں ممالک کے متعلقہ ادارے جلد ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیں گے جو مجوزہ ریلوے راہداریوں، تکنیکی معاونت اور سرمایہ کاری کے مواقع کا تفصیلی جائزہ لے گا۔

شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تعاون نہ صرف تجارتی روابط کو فروغ دے گا بلکہ عوامی سطح پر تعلقات کو بھی مزید مضبوط کرے گا، جس سے خطے میں معاشی خوشحالی اور استحکام کو فروغ ملے گا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں