راولپنڈی : وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا زرعی گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرام زرعی شعبے کی ترقی کا ضامن ہے۔ اس سے نہ صرف زرعی گریجویٹس کو عملی تجربہ حاصل ہوگا بلکہ ماہانہ وظیفے سے انھیں مالی مشکلات کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی سربراہی میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں کیا جس میں ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن راولپنڈی ڈویژن شاہد افتخار بخاری، ڈین ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر طارق مختار، یونیورسٹی رجسٹرار محمد عقیل سلطان اور دیگر اہم شخصیات بھی شامل تھیں۔ وائس چانسلر صاحب کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے یہ پروگرام نہایت اہم ہے۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور بہتر معیشت کے لیے زرعی شعبوں کی ترقی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر زرعی گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرام کا دوسرا فیز شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 2 ہزار ایگری کلچر گریجوایٹ انٹرنز کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ اس انٹرن شپ پروگرام کے لیے بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچر اور بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچرل انجینئرنگ کرنے والے طلباء اہل ہو ں گے۔ عمر کی حد 25 سال جبکہ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 8 اگست 2025ء ہے۔ دلچسپی رکھنے والے طلبا مکمل درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں جمع کروائیں گے۔ مزید تفصیلات اور درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ یا ڈپٹی ڈائریکٹر زرعت (توسیع) اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان اور ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن راولپنڈی ڈویژن شاہد افتخار بخاری نے دو طرفہ تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ زرعی گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرام لانچ کرنے پر ہم وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے شکرگزار ہیں۔