اسٹیٹسن سینڈرز لاہور میں تعینات ہونے والے امریکہ کے 35ویں قونصل جنرل ہیں۔ پاکستان کے حوالے سے یہ ان کی تیسری سفارتی ذمہ داری ہے۔ اس سے قبل وہ 2019 سے 2021 تک اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے منیجمنٹ سیکشن میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ واشنگٹن میں بھی پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے لیے اسٹریٹجک منیجمنٹ امور کی نگرانی کر چکے ہیں۔
امریکی قونصلیٹ لاہور کی سوشل میڈیا رابطہ X سابق ٹویٹر (USCGLahore)کے مطابق ، اسٹیٹسن سینڈرز کی دیگر اہم سفارتی تقرریوں میں جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جوبا میں انسداد منشیات و قانون نافذ کرنے والے شعبے کے ڈائریکٹر، افغانستان کے صوبہ غزنی میں صوبائی تعمیر نو ٹیم کے سینئر سویلین نمائندے، اور تاجکستان، بھارت اور اسپین میں مختلف ذمہ داریاں شامل ہیں۔
محکمہ خارجہ میں شمولیت سے قبل وہ روس میں پیس کور (امن رضاکار تنظیم) کے رضا کار رہ چکے ہیں اور واشنگٹن ڈی سی میں انٹرنیشنل انٹلیکچوئل پراپرٹی انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔
اسٹیٹسن سینڈرز کا تعلق امریکی ریاست کیلیفورنیا سے ہے۔ انہوں نے بریڈلی یونیورسٹی اور جانز ہاپکنز یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ وہ روسی، اطالوی، ہسپانوی، تاجکی اور دری زبانوں پر عبور رکھتے ہیں اور موسیقی سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔