ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

کراچی: ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ کے سیکریٹری زمان ناریجو اور ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل ابراہیم خالد تواب بھی شریک تھے۔

فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ثقافت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر ایتھوپین سفیر نے بتایا کہ ان کے ملک نے گزشتہ چھ برسوں کے دوران 40 ارب سے زائد درخت لگائے ہیں، جو ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ڈاکٹر جمال بکر نے وزیراعلیٰ سندھ کو ایتھوپیا کے دورے کی دعوت دی، جس پر وزیراعلیٰ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “کراچی سے صرف چار گھنٹے کی فلائٹ ہے، میں جلد ایتھوپیا کا دورہ کروں گا۔”

وزیراعلیٰ نے ایتھوپین ایئر لائنز کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے بڑھانے کے کردار کو بھی سراہا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں