کرسچن ہسپتال ٹیکسلا کی انسانیت دوست خدمات قابل تحسین ہیں، گورنر پنجاب

ٹیکسلا: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کرسچن ہسپتال ٹیکسلا میں نئی تعمیر شدہ او پی ڈی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم ڈیوڈ اور ان کے اسٹاف نے گورنر کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماوں کے علاوہ حسن ابدال، واہ کینٹ اور ٹیکسلا سے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر ندیم ڈیوڈ نے ہسپتال کی کارکردگی اور جاری منصوبہ جات پر گورنر پنجاب کو تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر نے ہسپتال کی ازسر نو تعمیر اور غریب مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کو مبارک باد دی۔ انہوں نے انسانیت کے لیے ہسپتال کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید بہتری کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی۔

تقریب کے بعد مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ اتحادی حکومت کے ساتھ چلنا مجبوری نہیں بلکہ قومی مفاد کا تقاضا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے اور 26 کروڑ عوام، افواج پاکستان اور آئینی ادارے ہر مشکل وقت میں متحد رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے، اس کا دفاع ناقابل شکست ہے، اور عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند ہوا ہے۔ اسرائیل و ایران کشیدگی پر پاکستان کا موقف واضح اور دوٹوک ہے، جبکہ پاک بھارت جنگ میں کامیابی نے دنیا بھر میں پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کو تسلیم کروایا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں