نِنٹینڈو سوئچ 2 نے صرف چار دن میں فروخت کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

ٹوکیو: نِنٹینڈو نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ اس کی نئی گیمنگ کنسول سوئچ 2 کی فروخت نے صرف چار دن میں 35 لاکھ سے زائد یونٹس کی حد عبور کر لی ہے، جو کمپنی کی تاریخ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

سی این این کے مطابق ، جاپانی کمپنی کے مطابق، یہ کسی بھی نِنٹینڈو ڈیوائس کی ریلیز کے ابتدائی چار دنوں میں اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ہے۔ اس کامیابی نے کمپنی کے اس ہدف کو ممکن بنانے کی راہ ہموار کر دی ہے، جس کے تحت وہ مارچ 2026 کے اختتام تک ڈیڑھ کروڑ یونٹس فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

نِنٹینڈو امریکہ کے صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر ڈَگ باؤزر نے ایک پریس ریلیز میں کہا:

“ہم صارفین کے ردعمل کے شکر گزار ہیں اور یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ وہ نِنٹینڈو سوئچ 2 کی نئی خصوصیات اور گیمز کے ساتھ کس قدر لطف اندوز ہو رہے ہیں جو دوستوں اور خاندان کو نئے انداز میں ایک ساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔”

نِنٹینڈو سوئچ 2 کی قیمت 450 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، اور چونکہ یہ نِنٹینڈو کی گزشتہ آٹھ برسوں کے بعد پہلی بڑی کنسول ریلیز ہے، اس لیے شائقین میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔

یاد رہے کہ اصل نِنٹینڈو سوئچ مارچ 2017 میں ریلیز ہوا تھا اور اب تک 15 کروڑ 20 لاکھ یونٹس فروخت کر چکا ہے۔

سوئچ 2 کو 5 جون کو ریلیز کیا گیا، اور پرجوش گیمرز نے اس کی خریداری کے لیے گھنٹوں قطاریں لگائیں، یہاں تک کہ بیسٹ بائے اسٹورز نے بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر اپنے اوقاتِ کار میں توسیع کر دی۔

سوئچ 2 میں نمایاں بہتریاں کی گئی ہیں جن میں بڑا اسکرین، اپڈیٹڈ Joy-Con کنٹرولرز، اور نئی سماجی خصوصیات شامل ہیں۔ اس میں Game Chat جیسا نیا فیچر بھی موجود ہے جس کے ذریعے کھلاڑی کنسول کے بٹن دبا کر آپس میں رابطہ کر سکتے ہیں۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں