اسلام آباد : فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کی پولیس اینڈ سول ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے ڈپٹی چیئرمین زبیر تیمور نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حالیہ اعلان کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ملکی معیشت کو سہارا دینے اور معاشی استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ صنعتی شعبے کے لیے بھی ریلیف کا باعث بنے گا۔
زبیر تیمور نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور معاشی ٹیم کو اس فیصلہ کن اقدام پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قومی مفاد میں کیا گیا یہ فیصلہ معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ مہینوں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام اور کاروباری طبقے کو شدید متاثر کیا، لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ سے عوام دوست اور کاروبار دوست پالیسیوں کو ترجیح دیتی آئی ہے۔ موجودہ فیصلہ اسی سلسلے کی کڑی ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
زبیر تیمور نے اس بات پر زور دیا کہ آئی پی پیز، پیٹرولیم لیویز اور دیگر توانائی سے متعلقہ شعبوں میں اصلاحات سے نہ صرف توانائی کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ یہ اقدامات ملکی معیشت کے طویل المدتی استحکام میں اہم کردار ادا کریں گے۔