مانسہرہ میں اسکول ٹیچر گرفتار: لڑکیوں کی غیراخلاقی ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے کا الزام

مانسہرہ کے علاقے لساں نواب میں ایک سرکاری اسکول کے ٹیچر کو لڑکیوں کی غیراخلاقی ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق، ملزم نے اسکول میں زیر تعلیم لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنائیں اور انہیں بلیک میل کرنے کے ساتھ ساتھ ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکی بھی دی۔

واقعے کی تفصیلات کے مطابق، چند روز قبل لساں نواب کے ایک سرکاری اسکول میں زیر تعلیم ایک لڑکی کی غیراخلاقی ویڈیو سامنے آئی، جس کے بعد متاثرہ لڑکی کے گھر والوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو معلوم ہوا کہ ملزم نے نہ صرف ایک بلکہ متعدد لڑکیوں کی ویڈیوز بنائی تھیں اور انہیں بلیک میل کیا تھا۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کا موبائل فون برآمد کر لیا، جس میں مبینہ طور پر غیراخلاقی ویڈیوز اور دیگر شواہد موجود ہیں۔ گرفتاری کے بعد ملزم سے تفتیش جاری ہے۔

مانسہرہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیع اللّٰہ گنڈاپور نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو ملزم کے خلاف مقدمے کی تفتیش کرے گی۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام متاثرہ لڑکیوں کے بیانات درج کرے اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے فوری کارروائی یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں