یونیورسل سروس فنڈ کے تحت ” بریسٹ کینسرآگاہی واک” کے حوالے سے واک کا اہتمام اسلام آباد کے فاطمہ جناح پارک ( ایف-9) میں گیا تھا۔ آگاہی واک میں جوائنٹ سیکریٹری وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن محترمہ صائمہ احد، چیف ایگزیکٹیو یو ایس ایف چوہدری مدثر نوید، معروف ماہر سرطان ڈاکٹرمحمد فرخ، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات یو ایس ایف کے ملازمین اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آگاہی واک کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوائنٹ سیکریٹری وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن محترمہ صائمہ احد کا کہنا تھا کہ “ماؤں کو چاہیے کہ وہ چھاتی کے کینسر کے بارے میں اپنی بیٹیوں کے ساتھ گفتگو شروع کریں، باقاعدہ چیک اپ کی عادت ڈالیں کیونکہ اس بیماری کی موروثی نوعیت کے لیے فعال اقدامات کی ضرورت ہے۔”
محترمہ صائمہ احد کا مزید کہنا تھا کہ اس موذی مرض سے نمٹنے کے لیے، حکومت بیداری پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے انھوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز عوام کو کینسر کے بارے میں آگاہی اور شعور پیدا کرنے کے لیےاستعمال کریں، خاص طور پر چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں اس حوالے سے خواتین میں شعور کی بیدار اور ان کی حوصلہ افزائی ضروری تاکہ وہ باقاعدگی سے خود معائنہ کرائیں اور اگر انہیں کسی غیر معمولی بات کا پتہ چل جائے تو فوری طبی مدد حاصل کریں۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر یونیورسل سروس فنڈ چوہدری مدثر نوید نے ” بریسٹ کینسرآگاہی واک” کے موقع پر اپنی گفتگھو میں کہا کہ یو ایس ایف ملک کے دور دراز علاقوں میں براڈ بینڈ سروسز اور آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے درجنوں منصوبوں پر کام کررہا ہے ۔ بریسٹ کینسر ایک ایسا موذی مرض ہے جس نے ہماری خواتین آبادی کو بہت زیادہ متاثر کیا اس ضمن میں آگاہی پھیلانے اور مرض کے خاتمے کیلئے یو ایس ایف حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کیئے گئے ہر اقدامات کی بھرپور سپورٹ کا عزم رکھتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ واک عالمی طور پر اکتوبر کو بطور بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی پھیلانے کے مہینے کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات کی ایک کڑی ہے۔ یہ عالمی حقیقت ہے کہ ” خاتون کو محفوظ کرنے کا مطلب اپنی نسلوں کو محفوظ” بنانا ہے۔
ماہر سرطان ڈاکٹر محمد فرخ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ چھاتی کا سرطان قابل علاج ہے چاہے وہ کسی اسٹیج پر ہو لیکن ضروری ہے کہ بروقت اس کی تشخیص کرلی جائے اس مرض سے محفوظ رہنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ خواتین چھاتی میں ہونے والی کسی بھی معمولی تبدیلی کو نظر انداز نہ کریں اور فوری چیک اپ کروایا جائے۔