پاکستان کی فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا دن، ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے مثالی اقدام قرار دیا

عابد چوہدری، اسلام آباد
سی این این اردو- پاکستان میں قائم اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانہ نے ایرانی سفیر کا بیان جاری کیا ہے جس میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم نے پاکستان کی جانب سے 7 اکتوبر کو یوم یکجہتی فلسطین منانے کے اقدام کو خوش آئیند اور قابل تعریف قرار دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف مسلم ممالک بلکہ دنیا بھر کے لیے ایک نمونہ ثابت ہو سکتا ہے کہ وہ ہر سال فلسطین کے معصوم شہریوں، بشمول خواتین اور بچوں، جنہیں غزہ اور لبنان میں شہید کیا گیا، کی یاد کو تازہ کریں۔ یہ دن اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر آزادی، مزاحمت، اور فلسطینی عوام کی خود مختاری کا ایک روشن نشان بنے گا۔

ایرانی سفیر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ اقدام ان تمام ممالک کے لیے بھی ایک مثال بن سکتا ہے جو ابھی تک اسرائیلی جرائم کی کھل کر مذمت نہیں کر سکے ہیں۔ بلا شبہ فلسطینی کاز کے حامی دنیا بھر میں اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اسے عالمی سطح پر منانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اس دن کو فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور ظلم و جبر کے خلاف ایک مضبوط موقف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی یہ عظیم کاوش دنیا بھر ب فلسطین کے حامیوں کے دلوں میں امید کی کرن بن کر جگمگائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں