صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطے میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی اور کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ امن کی بحالی اور تنازعات کو پھیلنے سے روکنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں ایوان صدر میں حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد فلسطین میں اسرائیل کی بربریت کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران اسرائیلی قابض فوج نے انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کے علاوہ 41800 فلسطینیوں کو شہید کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی کابینہ کے اراکین، مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسرائیل نے لبنان، شام اور یمن کو نشانہ بنانے کے لئے اپنے حملوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری اسرائیل کو خاص طور پر غزہ میں فلسطینی آبادی کے خلاف نسل کشی کرنے سے روکنے میں ناکام رہی ہے اور اس نے استثنیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عالمی برادری کے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے اور مزید جانوں کے ضیاع اور تنازعات کو خطے کے دیگر حصوں میں پھیلنے سے روکنے کے لئے فوری کارروائی کرے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر بھی زور دیا کہ وہ فلسطین اور لبنان میں امن و سلامتی کے قیام کی اپنی ذمہ داری پوری کرے اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام جس کادارالحکومت القدس ہو، کے ذریعے دو ریاستی حل کے لئے پاکستان کے دہائیوں پرانے موقف کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے زور دے کر کہا کہ مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کئے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔فلسطین سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلاءکا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی کے لئے اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی سے باز رکھے۔ صدر مملکت نے مقبوضہ بیت المقدس سمیت مقبوضہ عرب علاقوں سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلاءاور فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی بحالی کے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا