اسلام آباد سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان عملی سیاست میں حصہ لینے کے لیے سرگرم ہو گئے۔انہوں نے ہفتہ کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں”میری پہچان پاکستان” کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالے منعقدہ تقریب سے ویڈیو لنک کے زریعےخطاب کیا۔ اپنے خطاب میں سابق گورنر سندھ نےافواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومتی پالیسیوں پر شدید تنقید کی۔
ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا اس وقت پاکستان بے پناہ مسائل کا شکار ہے اور اسے کئی سنگین مسائل کا سامنا ہے۔جن میں مہنگائی، معیشت کی ابتری، سیاسی عدم استحکام شامل ہیں۔مہنگائی کا براہ راست اثر عوام پر پڑ رہا ہے جس کے نتیجے میں عوام میں مایوسی اور ناامیدی پیدا ہو رہی ہے۔اور ملک کے ستر فیصد نوجوان ملک چھوڑنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
سابق گورنر سندھ نے کہا ہمیں ملک کے نوجوان کو ناامیدی سے نکال کرامید کا دیا جلانا ہے۔جمہوریت عوام اور ریاست کے درمیان سوشل کنٹریکٹ ہوتا ہے۔اگر حکومت پرفارم نہ کر سکے تو اسکا نقصان عوام کو اٹھانا پرتا ہے۔اس وقت عوام کیلئے بجلی کے بلز سب سے بڑا مسئلہ بنے ہوئے ہیں،آئی ایم ایف کی جانب سےسبسڈی ختم کرنے کے بعد یہ مسئلہ کھل کر عوام کے سامنے آیا ہے اور انہیں معلوم ہوا ہے کہ اصل میں ان کے ساتھ ہوتا کیا رہا ہے۔
عشرت العباد نے کہا یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ ملک کو اس وقت بجلی کی ضرورت سترہ ہزار میگا واٹ ہے جبکہ ٹرانسمیشن لائنز چوبیس ہزار مگا واٹ کا بوجھ اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں مگرعوام سے 48 ہزار میگا واٹ کی وصولی کی جا رہی ہے۔جو کہ عوام کیساتھ زیادتی ہےاسکو ختم ہونا چاہیئے۔آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیئے، عوام کو ریلیف اور سہولیات فراہم کرنا حکومت کا کام ہے،حکومت کو ری ایکٹ کی جگہ ایکٹ کرنے کی ضرورت ہے،حکومت کی نااہلی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں،پاکستان کی مسلح افواج کی ملک کیلئے قربانیاں لازوال ہیں۔عوام اور فوج کے درمیان منافرت پھیلانے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں انکا راستہ روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ملک میں بہتری کیلئے بلا تفریق احتساب کی اشد ضرورت ہے، ملک کو بحرانوں کے نکالنے کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے،عوام کیساتھ سچ بولنے کی ضرورت ہے،گرینڈ ڈائیلاگ سمیت ملک کی بہتری کیلئے جو کر سکا ضرور کرونگا۔
میری پہچان پاکستان تقریب کی میزبان سیاسی و سماجی شخصیت سیدہ فردوس نے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ میری پہچان پاکستان سلوگن ایک نظریئے کا نام ہےجس پر چل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینگے۔ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ہمیں کسی تجربہ کار شخصیت کی ضرورت ہے اور یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد ہمارے ساتھ موجود ہیں۔