حکیم محمد طار ق محمود چغتائی کا فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب

فیصل آباد شیخ الوظائف حکیم محمد طار ق محمود چغتائی نے کہا ہے کہ تاجروں کو کثرت کی بجائے برکت کیلئے دعا مانگنی چاہیے کیونکہ کثرت ختم ہو جاتی ہے مگر برکت کبھی ختم نہیں ہوتی۔ وہ آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ برکت نسلوں تک چلتی ہے اِس لئے ہمیں برکت کی تلاش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جس مال پر زکوۃ دی جائے اللہ خود اس کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں بعض درویشوں کے واقعات بھی بیان کئے اور بتایا کہ 1947ء میں جب دہلی کے مسلمان کراچی منتقل ہونے کا سوچ رہے تھے تو ایک درویش نے کہا کہ اپنے مال کو چاندنی چوک میں رکھ دو اگر اِس پر زکوۃ دی گئی ہے تو اس کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں میں یہ تصور عام ہے کہ مال 3نسلوں کے بعد تقسیم ہو جاتا ہے لیکن یہ تحقیق کمزور ہے میں اس کو مسترد کرتا ہوں اور کہتا ہوں جس مال پر پوری زکوۃ دی گئی ہے وہ مال ہمیشہ بڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف زکوۃ دینا ہی کافی نہیں زکوۃ صحیح اور مستحق افراد تک پہنچانا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کے مطابق زکوۃ پر پہلا حق قرباء، دوسرا یتیموں، تیسرا مسکینوں اور چوتھا غرباء کا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مستحقین کو تلاش کر کے زکوۃ ان تک پہنچانی چاہیے جو سفید پوشی کی وجہ سے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا میں عمر لاء نافذ العمل ہیں جس کے تحت پیشہ ور بھکاریوں پر مکمل پابندی ہے۔ فیصل آباد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر جنت میں کسی کاروبار کی اجازت ہوتی تو وہ کپڑے کا کاروبار ہو گا جبکہ جہنم میں زرگر اور سناروں کے کاروبار کی اجازت ہوگی تاہم سارے زرگر برے نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ دعا، بد دعا اور برکت نسلوں تک چلتی ہے اس لئے ہمیں برکت تلاش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو دعا اور محنت سے جوڑا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر لقمہ اللہ سے پوچھتا ہے کہ یہ صحت کیلئے ہو یا بیماری کیلئے اس لئے ہمیں کھاتے ہوئے سورۃ فاتحہ پڑھنی چاہیے۔ اسم اعظم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ دراصل اسم یقین ہے آپ جس یقین کے ساتھ دم کریں گے اللہ اُن کا مثبت نتیجہ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ شوگر اور بلڈ پریشر کیلئے سورۃ کوثر اور سورۃ قدر کا دم کریں۔ اس مقصد کیلئے انہوں نے کہا کہ دیسی جو کا دلیہ را ت کو پکائیں اور صبح السی کے بیج پیس کر اس پر چھڑک کے کھائیں۔ یہ خوراک کمر،پٹھوں کی کمزوری اور معدے کی تیزابیت کے خاتمے کیلئے بھی بہترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ دعائیں جیل، کچہریوں اور ہسپتالوں میں مانگی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو نفل حاجات کی پہلی رکعت میں 11مرتبہ آیت الکرسی جبکہ دوسری رکعت میں 11مرتبہ قل اور سلام کے بعد تین مرتبہ سورۃ یٰسین پڑھیں۔ انہوں نے حاضرین کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔ اس سے قبل قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد اور گروپ لیڈر میاں محمد ادریس نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ بعد میں دعائے خیر کرائی گئی جبکہ سابق صدر انجینئر رضوان اشرف نے حکیم طارق محمود چغتائی کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے شیخ الوظائف حکیم طارق محمود چغتائی کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں